Saturday, 17 September, 2005, 12:59 GMT 17:59 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان سکواش فیڈریشن نے اسلامی کھیلوں کے سکواش ٹورنامنٹ کی ذمہ داری خواتین کی اسکواش کی عالمی تنظیم کو سونپنے اور اس میں غیرمسلم کھلاڑیوں کی شرکت پر تشویش ظاہر کی ہے۔
اسلامی کھیل بائیس ستمبر سے تہران میں شروع ہورہے ہیں۔ مسلمان ممالک کے ان کھیلوں کے منتظمین نےسکواش ٹورنامنٹ کو خواتین کی سکواش کی عالمی تنظیم کے حوالے کردیا ہے جس نے اسے ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا درجہ دیتے ہوئے ساڑھے آٹھ ہزار ڈالر کی انعامی رقم مختص کردی ہے بلکہ اس کے ڈراز میں انگلینڈ، آئرلینڈ، کوریا اور جاپان کی غیرمسلم خواتین کھلاڑیوں کو بھی شامل کرلیا ہے۔
پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر ذوالفقار احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس صورتحال پر انہیں تشویش ہے اور انہوں نے اس بارے میں پاکستان سپورٹس بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔
اسلامی کھیلوں کے سکواش کے مقابلوں میں کارلاخان، مقدس اشرف اور ماریہ طور پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ کارلا خان ٹاپ سیڈ ہیں۔