http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 14 September, 2005, 11:04 GMT 16:04 PST

انگلینڈ کےکوچ کو برطانوی شہریت

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈنکن فلیچر کو پندرہ سال کے انتظار کے بعد وزیر داخلہ کی مداخلت سے برطانوی شہریت مل گئی ہے۔

ڈنکن فلیچر زمبابوے میں پیدا ہوئے تھے لیکن ان کے والدین اور دادا دادی اور نانا نانی کی پیدائش برطانیہ کی ہے۔

فلیچر کی برطانوی شہریت کی درخواست اس سے پہلے دو بار اس بنیاد پر مسترد ہو چکی ہے کہ انہوں نے قانون میں دی گئی مدت ملک میں نہیں گزاری۔

قانون کے مطابق برطانوی شہریت کے لیے ضروری ہے کہ درخواست دہندہ نے پانچ سال برطانیہ میں گزارے ہوں اور اس دوران وہ چار سو پچاس دن سے زیادہ ملک سے باہر نہ رہا ہو۔

چھپن سالہ ڈنکن فلیچر کا مسئلہ یہ تھا کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے انہیں بہت سا وقت ٹیم کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر گزارنا پڑتا تھا۔ شہریت ملنے پر انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھی خبر ہے۔

برطانیہ میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کے وزیر داخلہ چارلز کلارک نے ڈنکن فلیچر کے معاملے میں اپنے خصوصی اختیارات استعمال کیے ہیں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ’مسٹر فلیچر شہریت کے حقدار ہیں‘۔