Tuesday, 23 August, 2005, 10:49 GMT 15:49 PST
ارجنٹائن کے مشہور فٹبالر ڈیگو میراڈونا نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر ہاتھ کی مدد سے وہ گول کیا تھا جس کی بدولت سنہ انیس سو چھیاسی کے عالمی کپ میں ارجنٹائن نے انگلستان کو شکست دی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ میرا ڈونا نے اس مخصوص گول کے بارے میں عوامی طور پر کوئی بات کی ہو۔ ان کے اس گول کو ’ہینڈ آف گاڈ‘ یا دستِ خدائی کہا جاتا ہے۔
اپنے ٹی وی شو پر بات کرتے ہوئے میرا ڈونا کا کہنا تھا کہ انہوں نے فٹبال پر ہاتھ مارنے کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کیونکہ برطانوی گول کیپر پیٹر شلٹن بہت طویل قامت تھے۔
میرا ڈونا نے بتایا کہ انہیں نہیں لگتا تھا کہ وہ گول کیپر کے اوپر سے اپنے سر کے ذریعے گیند گول میں پہنچا سکتے ہیں۔
میرا ڈونا نے حال ہی میں ارجنٹائن کے ٹی وی پر ایک ٹاک شو کی میزبانی سنبھالی ہے اور ان کا یہ پروگرام ابتداء سے ہی ملک کے مقبول ترین پروگراموں میں شامل ہو گیا ہے۔