Tuesday, 23 August, 2005, 15:29 GMT 20:29 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق کرمانی نے سینیٹ کی سپورٹس سے متعلق قائمہ کمیٹی کے اعتراض کے باوجود اختر رسول کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹانے سے انکار کردیا ہے۔
سینیٹ کی سپورٹس سے متعلق سٹینڈنگ (قائمہ) کمیٹی نے پیر کے روز اجلاس میں طارق کرمانی سے کہا تھا کہ اختر رسول سپریم کورٹ پر حملے کے مقدمے میں سزایافتہ ہیں لہذا وہ آئین اور نیب کے آرڈی ننس کے تحت کوئی بھی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق کرمانی نے منگل کو کراچی میں سپر لیگ ہاکی کی اسپانسرشپ تقریب میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹ کی کمیٹی کو بتایا کہ اختر رسول پنجاب حکومت میں بھی ہیں لہذا ہاکی فیڈریشن سے وابستگی توہین عدالت نہیں پاکستانی ہاکی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھارہی ہے جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ ہالینڈ کے آٹھ قومی ٹورنامنٹ کی جیت سے پاکستانی ہاکی کو بھرپور حوصلہ ملا ہے انہوں نے کہا کہ ٹیم جرمنی کے ٹورنامنٹ میں ہارنے کے باوجود اچھا کھیلی وہ ٹیم کی موجودہ کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
طارق کرمانی کے مطابق آئندہ ماہ ہونے والی سپر لیگ سے پاکستانی ہاکی میں پروفیشلزم آئے گا۔