Wednesday, 20 July, 2005, 02:44 GMT 07:44 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن اگر مستقبل قریب میں صورتحال میں غیرمعمولی تبدیلی آئی تو کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
شہریارخان نے جو اسوقت لندن میں ہیں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز میں انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
موجودہ صورتحال میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اپنی حکومت سے رابطے میں ہے۔ اس سوال پر کہ کیا ای سی بی کا اپنی حکومت سے رابطہ کراچی میں میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق ہے تو شہریارخان کا جواب تھا پورے دورے سے متعلق۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ فی ا لحال اس دورے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
لندن بم دھماکوں کے باوجود آسٹریلوی ٹیم کے لندن میں کھیلنے پر اصرار اور پاکستان کے بارے میں تحفظات سے متعلق سوال پر شہریارخان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ موقف رہا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی شہر میں ہوسکتی ہے ماضی میں آئرش ری پبلکن آرمی کی کارروائیوں کے باوجود ٹیمیں برطانیہ کا دورہ کرتی رہی ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ واقعات کے مرکزی کردار چونکہ پاکستانی نژاد بتائے گئے ہیں لہذا صورتحال مختلف اور تشویش کا باعث ہے اور اس کا موازنہ آسٹریلوی ٹیم سے نہیں کیا جاسکتا۔