Saturday, 02 July, 2005, 04:25 GMT 09:25 PST
ومبیلڈن چیمپئن راجر فیڈرر اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے عالمی نمبر دو لیٹن ہیوٹ کو سیمی فائنل میں ہرا کر مسلسل تیسری مرتبہ ومبیلڈن کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے سیمی فائنل میں ہیوٹ کو 3۔6، 4۔6، 6۔7، (4۔7) سے ہرایا۔
میچ کے بعد فیڈرر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ میں نے یہ اتنے آرام سے کر لیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے پر بہت خوش ہوں۔ یہ زبردست ہے۔ یقیناً میں آج رات کو آرام سے سو سکوں گا‘۔
اس سے قبل کھیلے جانے والے اپنے بیس فائنل مقابلے جیتنے والے فیڈرر نے کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ اتوار کو میرا ریکارڈ میرے ہاتھ سے نہیں نکلے گا‘۔
![]() ڈیونپورٹ نے موریسمو کو ایک لمبے میچ کے بعد ہرایا |
دوسری طرف امریکہ کی لِنڈسے ڈیونپورٹ نے فرانس کی ایملیو موریسمو کو ہرا کر عورتوں کا سیمی فائنل جیت لیا ہے۔
انہوں نے یہ مقابلہ 7۔6، (7۔5)، 6۔7، (4۔7)، اور 3۔5 سے جیتا۔
اب فائنل میں ان کا مقابلہ اپنی ہم وطن وینس ولیمز سے ہو گا۔ سن 2000 کے ومبیلڈن فائنل میں بھی وینس کا مقابلہ ڈیونپورٹ سے ہوا تھا جو ولیمز نے سیدھے سیٹس میں جیت لیا تھا۔
میچ کے بعد ڈیونپورٹ نے کہا کہ موریسمو میچ میں بہتر کھیلیں۔ ’میں تو ایک سٹیج پر بس کھیل ہی رہی تھی‘۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ٹف میچ تھا اور موریسمو ’گراس کورٹ کی ایک اچھی کھلاڑی ہیں‘۔
موریسمو نے سیمی فائنل اپنے ہاتھ سے نکل جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت مایوس کن ہے۔ مجھے واقعی یہ محسوس ہو رہا تھا کہ میں جیت سکتی ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ انہوں اتنی اچھی سروسز نہیں کیں اور یہی چیز ان کے حق میں بری ثابت ہوئی۔