Tuesday, 21 June, 2005, 22:41 GMT 03:41 PST
انگلینڈ نے نیٹ ویسٹ سیریز کے ایک میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹ پر تین سو اکیانوے رن بنائے جو کہ ایک روزہ عالمی مقابلوں میں اب تک کا دوسرا سب سے بڑا سکور ہے۔
جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم چھیالیسویں اوور میں 223 رن پر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح انگلینڈ نے یہ میچ 168 رن سے جیت لیا۔
کالنگوڈ نے ایک سو بارہ رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اور پھر دس اوور میں اکتیس رن دے کر بنگلہ دیش کے چھ کھلاڑی آؤٹ کیے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے اچھی کارکردگی محمد اشرفل کی تھی جنہوں نے باون گیندوں پر چورانوے بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے اینڈریو سٹراس نے ایک سو باون رن بنائے اور کالنگوڈ کے ساتھ مل کر دو سو دس رن کی شراکت کی۔ انگلینڈ کے اووپنر مارکس ٹریسکوتھک نے پچاسی رن بنائے۔ سٹراس کا اننگز کے آغاز میں دو بار کیچ چھوڑا گیا۔
انڈریو سٹراس کے 152 رن انگلینڈ کی طرف سے ایک روزہ میچوں میں کسی بھی بلّے باز کا تیسرا بڑا سکور ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ سکور 167 ہے جو رابن سمتھ نے 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔ ڈیوڈ گاور نے
83/1982 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 158 رن بنائے تھے۔