Sunday, 19 June, 2005, 09:45 GMT 14:45 PST
آسڑیلوی آل راؤنڈراینڈریوسمنڈز کوقواعد کی خلاف ورزی اور جمعہ کی رات بغیر اجازت دیر تک ہوٹل سے باہر رہنے کی پاداش میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ کےلیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیاہے۔
ِسمنڈز کو ہفتے کو ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش کےخلاف بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیاتھا۔ انہیں نظم و ضبط کی خلاف روزی کی بناء پر دو میچوں کی فیس کے برابر جرمانہ بھی ادا کر نا ہوگا۔ ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کی صبح انہوں نے شراب پی۔
ٹاس کے وقت ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ نے ان کے زکام میں مبتلا ہونے کوان
کی ٹیم سےغیر حاضری کے جواز کے طور پر پیش کیا تھا۔ تاہم میچ کے اختتام پر رکی نےاخبار نویسوں کو بتایا کہ وہ اینڈریو ِسمنڈز سے ناخوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کے باقی ممبران کا بھی یہی خیال ہے۔
آسڑیلوی ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہناہے کہ ِسمنڈز اور ٹیم کے سات دیگرساتھیوں نےجمعہ کی رات آل راؤنڈر شین واٹسن کی چوبیسویں سالگرہ کے سلسلے میں کارڈف کے ایک ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھایا۔
ٹیم کے ممبران کےجانے کے بعد بھی ِسمنڈز اس ریسٹورنٹ میں کافی دیر موجود رہے تھے۔ صبح وارم اپ سیشن کے دروان ان کےساتھی ان کی سانسوں سے شراب کی بو بخوبی محسوس کر سکتے تھے۔
برمنگھم میں پیدا ہونے والے ِسمنڈز کینٹ اور گلوسٹرشائر کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔انہیں ایک روزہ میچوں کا ماہرمانا جاتا ہے۔
انہیں اس مرتبہ ایشیز سیریز کے سلسلے میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں کے لیے آسڑیلوی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔