http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 16 June, 2005, 10:07 GMT 15:07 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

کرکٹ بورڈ کا آئین صدر کے پاس

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کا مسودہ چیئرمین شہریارخان نے منظوری کے لئے صدر کو پیش کردیا ہے۔

شہریارخان نے منگل کو یہ مسودہ صدر کے چیف آف اسٹاف کے حوالے کیا ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے سے وطن واپسی کے بعد صدر پرویز مشرف جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن بھی ہیں نئے آئین کی منظوری دینگے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ سے ایڈہاک ازم ختم ہوجائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے بارے میں ملک کی بڑی کرکٹ ایسوسی ایشنزپہلے ہی اپنے تحفظات ظاہر کرچکی ہیں جبکہ سینٹ کی اسپورٹس سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے دو اراکین سینیٹر انور بیگ اور سینیٹر مراد علی شاہ نے کمیٹی کے اجلاس کا بایئکاٹ بھی کیا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ آئین کا مسودہ پہلے اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے پش کیا جاناچاہیے تھا لیکن مسٹرشہریارخان کا خیال ہے کہ یہ اہم خفیہ دستاویزبراہ راست صدر کو پیش کی جانی چاہیے ۔