Sunday, 29 May, 2005, 11:32 GMT 16:32 PST
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز کی شکست کے بعد بنگلہ دیش کے ٹیسٹ کھیلنے پر پابندی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کا حل یہ نہیں ہے۔
بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں ہونے والے ٹیسٹ میں بھاری شکست کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک آتھرٹن نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ کا درجہ دینے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کا یہ نہیں ہے جو مائیک آتھرٹن بتا رہے ہیں۔
ڈیو واٹمور نے کہا ’ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کا میچ یک طرفہ تھا لیکن یہ کہنا کہ بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سے باہر کر دیا جانا چاہیے کوئی مناسب حل نہیں ہے‘
مائیک آتھرٹن نے ڈیلی ٹیلیگراف میں اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں کھیل کا معیار کرکٹ کی تاریخ کا سب سے پست تھا۔
انگلینڈ کے سابق کپتان نے کھیل کے پست معیار کی ذمہ داری آئی سی سی پر رکھی ہے۔