http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 24 May, 2005, 07:41 GMT 12:41 PST

ریاض سہیل
کراچی

وسیم اکرم کے خلاف مقدمہ ختم

سندھ ہائی کورٹ نے سابق کپتان اور فاسٹ بالر وسیم اکرم کے خلاف دوست کی جیپ ہتھیانے کا مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیاہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس انور ظہیر جمالی پر مشتمل سنگل بنچ نے وسیم اکرم کے وکیل زاہد فخرالدین کی درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔

درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وسیم اکرم بے گناہ ہیں اور انہیں بلیک میل کرنے کے لیے یہ مقدمہ درج کرایا گیا ہے جو کہ بدنیتی پر مشتمل ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان کے خلاف درخشاں تھانہ کراچی میں سعادت حسین نے مقدمہ درج کرایا تھا کہ وسیم اکرم نےان سے دوست ہونے کے ناطے ایک جیپ لی تھی جو وہ بعد میں بغیراطلاع کے لاہور لےگئے۔ جب انہیں یہ جیپ لوٹانے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے جیپ فروخت کردی ہے۔

یہ مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج ساؤتھ کراچی کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔
وسیم اکرم نے مقدمہ ختم کرنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ پیر کے روز ان کے وکیل کی درخوست منظور کرتے ہوئے عدالت عالیہ نے مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیا۔

وسیم اکرم کے وکیل کی طرف سے یہ ثابت کرنے کے بعد کہ مقدمہ بدنیتی کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے، عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ مقدمہ ختم کر دے۔