Monday, 28 March, 2005, 14:27 GMT 19:27 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام بنگلور
آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق پر امپائر کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرنے پر ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی اور میچ فیس کا تیس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
انضمام الحق نے گوتم گمبھیر اور سہواگ کے خلاف وکٹوں کے پیچھے کیچ کی اپیلیں مسترد کئے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔
میچ ریفری نے لیول ون کی خلاف ورزی پر انضمام الحق پر میچ فیس کا تیس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ لیول ٹو کی خلاف ورزی پر وہ ایک ٹیسٹ کی پابندی کی زد میں آئے ہیں اس طرح وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے منیجر سلیم الطاف نے کہا ہے کہ انضمام الحق کے خلاف ایک ٹیسٹ کی پابندی کے فیصلے کی کاپی تحریری طور پر ملنے کے بعد اپیل کی جائے گی۔