Tuesday, 08 March, 2005, 16:10 GMT 21:10 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، موہالی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم اور پاکستانی مہمانوں کو خوش آمدید لیکن جیت بھارت ہی کی ہوگی۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے منصورعلی خان پٹودی نے جو ٹائیگر کے نام سے مشہور ہیں کہا کہ بھارتی ٹیم کی جیت کے بارے میں ان کے خیالات جذباتیت پر مبنی نہیں ہیں بلکہ وہ دونوں ٹیموں کی قوت کا موازنہ کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں۔
نواب پٹودی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بیشتر نئے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ بھارتی ٹیم تجربہ کار ہے۔
سابق بھارتی کپتان کہتے ہیں کہ شعیب اختر کے نہ ہونے سےبھی پاکستانی ٹیم کی بولنگ کمزور ہوئی ہے۔
![]() بھارتی بولر بالاجی نے پاکستان کے خلاف اچھی بولنگ کی ہے |
نواب پٹودی کے خیال میں بھارت کو موہالی ٹیسٹ میں دو اسپنرز کھلانے چاہئے تھے۔وہ کہتے ہیں کہ بھارت کی طرح پاکستان میں بھی بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔
نواب پٹودی غیرملکی کوچز کے حق میں ہیں ان کا کہنا ہے کہ برصغیر کی کرکٹ میں بہت سیاست ہے جبکہ غیرملکی کوچ کسی قسم کی سیاست میں ملوث نہیں ہوتا اور ضروری نہیں کہ اچھا کرکٹر اچھا کوچ بھی ثابت ہو۔