Saturday, 19 February, 2005, 21:49 GMT 02:49 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کا بھارت کے خلاف دورے میں تجربے سے زیادہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ کام آئے گا اور جس طرح آسٹریلوی دورے کے آخر میں ٹیم جذبے کے ساتھ کھیلی تھی اگر ایسا ہی جذبہ بھارت کے خلاف رہا تو ہم کامیابی حاصل کریں گے۔
ہفتے کے روز ٹیم کے انتخاب کے لیے ہونے والے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں ان سے مشورہ لیا گیا تھا اور ان کا سلیکشن کمیٹی سے ٹیم کے انتخاب پر کوئی اختلاف رائے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک اور سپن بالر ارشد خان کو شامل کرنے سے ہمارا سپن اٹیک مضبوط ہوا ہے۔
انضمام کے بقول شعیب ہمارا اٹیکنگ بالر تھا ان کے ان فٹ ہونے سے فرق تو پڑے گا تاہم انہیں نوجوان فاسٹ بالرز پر پورا اعتماد ہے۔نوجوان بالرز نے آسٹریلیا میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور ایک روزہ سیریز کے فائنل میں بالرز نے تو اپنا کام پورا کیا لیکن بیٹنگ نے ذمہ داری نہیں نبھائی لہذا انہیں بھروسہ ہے کہ نوجوان بالرز رانا نوید الحسن اور خلیل بھارت کے خلاف بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
ٹیم کے کپتان نے کہا کہ محمد سمیع کا فٹ ہونا اچھا سائن ہے اب انہیں چاہیے کہ وہ بھارت کے خلاف خود کو فعال ثابت کریں۔
انضمام کے بقول کرکٹ چونکہ ٹیم گیم ہے اس لیے بالرز اور بیٹس مین دونوں ہی اچھا کھیل پیش کریں گے تبھی ٹیم جیتے گی۔