Saturday, 12 February, 2005, 18:54 GMT 23:54 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نےکوچ باب وولمر کو وضاحت کرنے کے لیے کہا ہے جنہوں نے آسٹریلیا میں ہونے والی ون ڈے سیریز کے فائنل کی ایمپائرنگ پر تنقید کی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا عباس زیدی کا کہنا ہے کہ باب وولمر سے کمنٹس مانگے گئے ہیں لیکن یہ بقول ان کے جواب طلبی نہیں ہے کیونکہ باب وولمر نے بہت زیادہ تنقید نہیں کی۔
واضح رہے کہ باب وولمر نے کہا تھا کہ ایمپائرز نے پاکستانی بولرز کے مقابلے میں آسٹریلوی بولرز کی اپیلوں کو زیادہ سنا۔ باب وولمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسٹریلوی بولرز نے اپیلوں کے ذریعے ایمپائرز پر دباؤ ڈالا۔
آئی سی سی کا کہناہےکہ چونکہ یہ تنقید سیریز کے اختتام پر کی گئی ہے لہذا یہ معاملہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہی نمٹائے گا۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت ایمپائرز پرتنقید پر کھلاڑی اور آفیشل پر جرمانے اور میچ کی پابندی کی سزا ہوسکتی ہے۔