Saturday, 05 February, 2005, 03:51 GMT 08:51 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
شاہد آفریدی کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کریں جب تک گیند کو باؤنڈری کے باہر نہ پہنچادیں انہیں قرار نہیں آتا اسی کوشش میں وہ آؤٹ بھی ہوتے ہیں لیکن وہ اپنے فطری انداز کو جس میں شائقین کی دلبستگی کا سامان موجود ہے تبدیل کرنے کے لئے تیار نہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنانے والے شاہد آفریدی اب ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف میلبورن کے پہلے فائنل میں شاہد آفریدی کو سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کے188 چھکوں سے آگے نکلنے کے لئے صرف دو چھکے درکار تھے اس میچ میں آفریدی نے تین چھکے لگائے اس طرح اب ان کے ون ڈے کرکٹ میں چھکوں کی تعداد190 ہوگئی ہے۔
انہوں نے جے سوریا کے 334 میچوں کے مقابلے میں صرف 198 میچز کھیلے ہیں۔
بھارتی کپتان سورو گنگولی اس دوڑ میں168 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کرس کینز144 چھکوں کے ساتھ اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر142 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستانی کپتان انضمام الحق کا اس فہرست میں 130چھکوں کے ساتھ چھٹا نمبر ہے۔