Friday, 28 January, 2005, 13:24 GMT 18:24 PST
ویسٹ انڈیز کے کپتان برائن لارا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ان کی سنچری کا کچھ مطلب نہیں ہو گا اگر ویسٹ انڈیز پرتھ کے میدان میں منگل کے روز ایسی کارکردگی دہرانے سے قاصر رہا۔
برائن لارا کی ٹیم نے پاکستان کو جمعہ کو 58 رنز سے شکست دے دی اور اب اس کا منگل کے روز پاکستان کے ساتھ دوبارہ میچ ہو گا۔
برائن لارا نے کہا کہ ’آج مجھے بیٹنگ کرنے کا مزہ آیا اور مجھے اس بات کا زیادہ مزہ آیا کہ میں میدان میں آیا اور ٹیم کے لیے کچھ کیا‘۔
’لیکن اب یہ ایک ماضی ہے۔ میں منگل کے روز کا منتظر ہوں اور گیارہ کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی چاہتا ہوں‘۔
لارا اپنا 250 واں ایک روزہ میچ کھیل رہے تھے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں اپنی پانچویں سنچری اپنی کلائی میں تکلیف کے باوجود بنائی۔ کلائی میں تکلیف پورے ٹورنامنٹ میں ان کو تنگ کرتی رہی ہے۔
لارا نے میچ کے بعد کہا کہ ’پہلے پہل مجھے تکلیف محسوس ہوئی، گیند بھی بیٹ پر پوری طرح نہیں آ رہا تھا۔ لیکن اس کے بعد جوں جوں میں کھیلتا گیا اور ایڈریلین جسم میں پھرنا شروع ہو گئی، چیزیں بہتر ہونا شروع ہو گئیں‘۔
پاکستان کے کپتان انضمام الحق نے میچ کے بعد کہا کہ لارا کو روکنا مشکل تھا اور ویسٹ انڈیز کے 339 رنز میں ان کا کردار صاف دکھائی دیتا ہے۔