Thursday, 06 January, 2005, 12:45 GMT 17:45 PST
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی تین صفر سے شکست کے باجود کوچ باب وولمر کا دفاع کیا ہے۔
شہریار خان نے کہا: ’انہیں کوچ کے عہدے سے ہٹانے کا کوئی سوال نہیں اٹھتا۔۔۔ وہ دنیا کے بہترین کوچوں میں سے ہیں اور ان کی برطرفی کے بارے میں غور نہیں کیا جارہا ہے۔‘
باب وولمر کی گذشتہ جون کوچ کے عہدے پر تقرری ہوئی تھی اور تب سے پاکستان پانچ میں سے چار ٹیسٹ میں ہار گیا ہے۔
پاکستان کے سابق کوچ جاوید میانداد نے باب وولمر پر تنقید کی ہے۔
گذشتہ ماہ میانداد نے کہا: ’مسئلہ یہ ہے کہ وولمر کو ہمارے کرکٹ کلچر اور اس کے پس منظر کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہے۔‘
میانداد نے مزید کہا: ’آپ ان کے بیانات پڑھیں اور آپ کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ یہ شخص پراعتماد نہیں ہے کہ وہ کیا کررہا ہے۔‘
باب وولمر نے میانداد کے بیان کو ’مایوس کن‘ قرار دیا۔
پاکستان نے وی بی سیریز کے لئے اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اس سیریز میں ویسٹ انڈیز بھی شامل ہوگا۔
باب وولمر کی تقرری کے بعد سے پاکستان نے ون ڈے سیریز میں قدرے کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان سترہ میں سے بارہ میچوں میں کامیاب رہا۔