Wednesday, 22 December, 2004, 10:31 GMT 15:31 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف پر عائد پابندی میں نرمی کرتے ہوئے اسے چھ ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دیا ہے جو ستائس دسمبر کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد راشد لطیف ہر سطح پر سلیکشن کے لئے دستیاب ہونگے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائداعظم ٹرافی کے ایک میچ کے دوران مبینہ طور پر غیر معیاری وکٹ کے سبب جاری رکھنے سے انکار پر راشد لطیف پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی تھی اور پندرہ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا جس پر راشد لطیف نے سابق جج ملک محمد قیوم کو اپنا وکیل مقرر کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بھیجا تھا جس میں پابندی ختم کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔
گزشتہ چند روز سے پاکستان کرکٹ بورڈ راشد لطیف سے مستقل رابطے میں تھا۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے راشد لطیف سے ملاقات بھی کی جس کے دوران راشد لطیف نے ان سے کہا تھا کہ پابندی عائد کرتے وقت ضروری تقاضے پورے نہیں کئے گئے جس پر انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔