http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 12 December, 2004, 09:20 GMT 14:20 PST

مناء رانا
لاہور

پاکستان بھارت کو ہرا کر تیسرےنمبرپر

لاہور میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے آخری روز پاکستان نے بھارت کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا ہے۔

ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں ہونے والا یہ میچ بہت کانٹے دار تھا۔
بھارت نے آغاز میں ہی پاکستان کے خلاف حملہ کر دیا جس پر سندیپ سنگھ نے گول کر دیا۔

ایک منٹ بعد ہی پاکستان کے سہیل عباس نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے یہ برتری ختم کر دی۔

پاکستان کی جانب سے دوسرا گول ستائیسویں منٹ میں ریحان بٹ نے کیا یہ ایک خوبصورت فیلڈ گول تھا۔

پہلے ہاف کے خاتمے پر پاکستان ایک کے مقابلے میں دوگول سے آگے تھا۔

وقفے کے بعد پاکستان نے دوبارہ بھارت کے گول پر کئی حملے کیے اور متعدد پینلٹی کارنر حاصل کیے اور ساتویں پینلٹی کارنر پر پاکستان کے سہیل عباس نے خود ہٹ لگانے کی بجائے مدثر علی خان کو پاس دیا جنہوں نے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔

اس کے بعد بھارت نے بھی گول اتارنے کی کوششیں تیز کر دیں جن کے نتیجے میں بھارت کو چوتھا پینلٹی کارنر ملا جس پر سندیپ سنگھ نے گول کر کے پاکستان کی برتری کم کر دی۔

بھارت نے میچ ختم ہونے سے دو منٹ پہلے ایک اور پینیلٹی کارنر حاصل کیا تاہم وہ میچ برابر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے زور دار کھیل کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی ٹیم نے سات اور بھارت کی ٹیم نے پانچ پینیلٹی کارنر حاصل کیے۔

اس میچ کے بعد پاکستان کے دو کھلاڑیوں کپتان وسیم احمد اور نائب کپتان سہیل عباس جو کہ پینیلٹی کارنر کے ماہر ہیں اور سب سے زیادہ گول کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں بین الاقوامی ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔