Saturday, 11 December, 2004, 08:41 GMT 13:41 PST
سچن تندولکر نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بنا کر سنیل گاوسکر کا ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سچن تندولکر نے اپنی سنچری کپتان سرو گنگولی کے ساتھ ایک سو پچاس رن سے زیادہ کی شراکت کے دوران بنائی۔
انہوں نے یہ سنچری تاپش بیشیا کی گیند پر سنگل بنا کر مکمل کی۔
سچن تندولکر نے یہ ریکارڈ ایک سو انیس ٹیسٹ میچوں اور ایک سو بانوے اننگز میں برابر کیا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں اب تک نو ہزار سات سو ایک رن بنائے ہیں۔
تندولکر تیسرے بیٹسمین ہیں جنہوں نے کرکٹ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف سنچری بنائی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز پندرہ نومبر انیس سو نواسی کو کراچی میں پاکستان کے خلاف کیا۔ اس میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے پندرہ رن بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں انہوں نے بیٹنگ نہیں کی۔
سنیل گاوسکر نے اس موقع پر کہا کہ ’میں تندولکر کو اسکی چونتیسویں ٹیسٹ سنچری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔جب میں نے پہلی بار تندولکر کو رانجی ٹرافی میں ممبئی ٹیم کے نیٹ میں دیکھا تھا میں اس دن سے یہ جان گیا تھا کہ اس میں خاص ٹیلنٹ ہے‘۔
گاوسکر نے کہا کہ ’ گو ہمارے پاس کوہِ نور نہیں مگر ہمارے پاس تندولکر ہے اور وہ اس سے زیادہ قابلِ قدر ہے‘۔