Wednesday, 17 November, 2004, 16:37 GMT 21:37 PST
پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اگلے سال کے سیزن کے لئے برطانیہ کی کاؤنٹی ووسٹرشائر کی ٹیم کی طرف سے کھیلنے کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔
معاہدے کی حتمی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کلیئرنس کے بعد ہوگی۔ دنیا کے تیز ترین باؤلر ووسٹر شائر کی کاؤنٹی کے ساتھ اگلے سال جولائی کی پہلی تاریخ سے کھیلیں گے۔
ووسٹر شائر کلب کے ڈائیریکٹر ٹوم موڈی نے کہا کہ شعیب ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہیں اور وہ ان کی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
موڈی کا کہنا تھا کہ شعیب جہاں بھی باؤلنگ کرواتے ہیں وہاں اپنے ساتھ ماحول میں ایک جوش پیدا کر دیتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ ان کی ٹیم کے لئے بہت اچھا اضافہ ہوں گے۔
خود شعیب اختر نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا بہت پسند ہے اور پوری کوشش کریں گے کہ ووسٹر شائر چیمپئن شپ کے ڈویژن ون پہنچے اور ون ڈے میں کامیابی حاصل کرے۔
شعیب نے کہا کہ وہ اگلے سال جولائی تک بہت آرام کرچکے ہوں گے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہوں گے اور ووسٹر کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کو سامنے رکھتے ہوئے انہیں یقین ہے اگلا سیزن کامیاب ہوگا۔