http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 27 October, 2004, 16:44 GMT 21:44 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

شعیب اختر بھی ان فٹ ہوگئے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تیز بولر شعیب اختر کاندھے کی تکلیف کے سبب کراچی ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

ڈاکٹرکی رپورٹ کے مطابق اگرچہ تکلیف خطرناک نہیں ہے لیکن وہ دو ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے

شعیب اختر نے منگل اور بدھ کو ٹیم کے ساتھ پریکٹس نہیں کی بدھ کو جب انضمام الحق پریس کانفرنس میں مصروف تھے شعیب اختر کو طبی معائنے کے لئے ڈاکٹر کے پاس بھیجا گیا تھا۔

انضمام الحق کے مطابق شعیب اختر کی تکلیف خطرناک نہیں اور ہوسکتا ہے کہ وہ درد کم کرنے کا انجکشن لگواکر میچ کھیلیں تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ ڈاکٹر کی رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔ شام کو ملنے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شعیب اختر کراچی ٹیسٹ کھیلنے کے قابل نہیں۔

ڈاکٹر کی رپورٹ سے قبل شعیب اختر نے آج کہا تھا کہ یہ درد انہیں اچانک ہوا ہے لیکن وہ کراچی ٹیسٹ ہرقیمت پر کھیلنا چاہتے ہیں۔ان کے مطابق کاندھے میں تکلیف کی وجہ کافی عرصے کے بعد ٹیسٹ کھیلنا اور اس میں طویل بولنگ ہوسکتی ہے۔

شعیب اختر نے فیصل آباد ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں چوالیس اوورز کراتے ہوئے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شعیب اختر سے قبل محمد سمیع بھی گروئن انجری کے سبب کراچی ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ دو دیگر بولرز شبیر احمد اور عمرگل پہلے ہی ان فٹ ہیں۔

شعیب اختر کے ان فٹ ہوجانے کے سبب ٹیم منیجمنٹ کے کہنے پر نوجوان فاسٹ بولر محمد خلیل کو طلب کرلیا گیا ہے لیکن توقع ہے کہ رانا نویدالحسن اور ریاض آفریدی کو ٹیسٹ کیپس دی جائیں گی۔