Wednesday, 22 September, 2004, 19:11 GMT 00:11 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے وسیم احمد کو پاکستانی ہاکی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ سہیل عباس نائب کپتان بنائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ ایتھنز اولمپکس میں پاکستانی ٹیم کے کپتان ندیم اینڈی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔
بھارتی ہاکی ٹیم دلیپ ٹرکی کی قیادت میں کراچی پہنچ گئی ہے۔ ٹیم کے جرمن کوچ جیرہارڈ راخ کا کہنا ہے کہ وہ سخت جان حریف ثابت ہونے کی کوشش کرینگے لیکن ان کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اسسٹنٹ کوچ جگبیر سنگھ کے مطابق نئے کھلاڑی وقت کے ساتھ ساتھ تجربہ حاصل کرینگے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تواتر کے ساتھ سیریز کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعہ کو کراچی کے ہاکی کلب پاکستان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 27 ستمبر کو کوئٹہ میں تیسرا ٹیسٹ 29 ستمبر کو پشاور میں جبکہ چوتھا ٹیسٹ لاہور میں یکم اکتوبر کو ہوگا۔
سیریز کے بقیہ چار ٹیسٹ بھارت میں کھیلے جائیں گے جو نئی دہلی میں چار اکتوبر چندی گڑھ میں چھ اکتوبر امرتسر میں آٹھ اکتوبر اور حیدرآباد دکن میں دس اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔