Monday, 20 September, 2004, 10:30 GMT 15:30 PST
بھارت میں ہاکی کے سلیکٹرز نے اس ماہ کے آخر میں پاکستان سے آٹھ میچوں پر مبنی سیریز کھیلنے والی اٹھارہ رکنی ٹیم سے چار اولمپک کھلاڑیوں کو علیحدہ کر دیا ہے۔ سلیکٹرز نے اس فیصلے کا اعلان پیر کو کیا ہے۔
ان کھلاڑیوں میں بلجیت ڈھلون، گگن اجیت سنگھ، دیپک ٹھاکر اور پربھت سنگھ اس بھارتی ہاکی ٹیم میں شامل تھے جو حال ہی میں ہونے والے ایتھنز اولمپکس میں ساتویں نمبر پر رہی۔
انڈین ہاکی فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گِل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھیلی جانے والی سیریز چیمپیئنز ٹرافی اور جونیئر ورلڈ کپ کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کی کوشش رہی ہے کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے درمیان توازن قائم کیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپی طرزِ کھیل سے بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو متاثر نہیں کر رہا ہے۔
پاکستان کے ساتھ کھیلی جانے والی سیریز کے پہلے چار میچ پاکستان جبکہ باقی بھارت میں کھیلے جائیں گے۔
بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ گےہارڈ راچ کا کہنا ہے کہ سیریز کے دوران بھارتی ٹیم کی کوشش ہو گی کہ زیادہ سے زیادہ پینلٹی کارنر حاصل کرے۔