Saturday, 21 August, 2004, 10:32 GMT 15:32 PST
بھارتی ٹیم کے سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کہنی میں تکلیف کی وجہ سے ہالینڈ میں ہونے والے سہ ملکی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ آل رونڈر روہن گواسکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارت ٹورنامنٹ کا پہلا میچ سنیچر کے روز اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیل رہا ہے ۔ میچ بارش ہونے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔
بھارتی مایہ ناز بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو کہنی میں تکلیف بھارت سے روانہ ہونے سے پہلے ہی تھی لیکن انہوں نے اس کو معمولی درد سمجھ کر نظر انداز کیا۔ ہالینڈ پہنچ کر جب یہ تکلیف زیادہ ہو گئی تو پھر ڈاکٹروں نے اسے ’ٹینس ایلبو‘ قرار دے کر ٹنڈولکر کو مزید کھیلنے سے منع کر دیا ۔
ٹیم انتظامیہ نے ان کی جگہ آل رونڈر روہن گواسکر کو شامل کیا ہے ۔ روہن گواسکر مشہور بھارتی بیٹسمین سنیل گواسکر کے بیٹے ہیں۔
بھارت کو امید ہے کہ سچن ٹنڈولکر اگلے مہینے برطانیہ میں ہونے والی نیٹ ویسٹ چیلنج سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔