Friday, 20 August, 2004, 03:00 GMT 08:00 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
تیرہویں ورلڈ جونیئر سکواش چیمپین شپ میں پاکستان کے باسط اشفاق نے ٹاپ سیڈ بھارت کے سوروگھوسل کو ہراکرسب کوچونکادیا ہے کیونکہ بھارتی کھلاڑی اسوقت برٹش اوپن جونیئر چیمپئن بھی ہیں جس کی وجہ سے انہیں عالمی جونیئر مقابلے کی درجہ بندی میں بھی سرفہرست رکھاگیا تھا۔
اسلام آباد کے مصحف علی میر اسکواش کمپلیکس میں جاری ورلڈ جونیئرچیمپین شپ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل نے اٹھارہ سال کے طویل انتظار کے بعد عالمی جونیئر سکواش کا انفرادی اعزاز ایک بار پھرجیتنے کی امیدوں کو روشن کردیاہے۔
1986 میں جان شیر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا انفرادی اعزاز جیتنے والے آخری پاکستانی تھے۔ٹیم ٹائٹل اس وقت پاکستان کے پاس ہے۔ اس نے دسمبر2002ء میں انگلینڈ کو ہراکر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس مرتبہ کوارٹرفائنل میں پہنچنے والے آٹھ میں سے چھ کھلاڑی پاکستانی ہیں ان میں باسط اشفاق کی کارکردگی اس لحاظ سے شاندار رہی کہ انہوں نے ٹاپ سیڈ اور برٹش اوپن جونیئرچیمپئن بھارت کے سوروگھوسل کو چار گیمز کے سخت مقابلے کے بعد شکست دیدی۔
کوارٹرفائنل میں وہ ہم وطن عامراطلس سے مقابلہ کریں گے جنہوں نے جرمنی کے جن شور کو ہرایا۔ نمبر دو سیڈ خالد اطلس نے کینڈا کے رابن کلارک کے خلاف کامیابی حاصل کی کواٹر فائنل میں ان کے حریف پاکستان ہی کے شاہنواز ہونگے
یاسر بٹ نے جرمنی کے سائمن ریزنر کو ہرایااب وہ مصر کے محمد عادل سے کھیلیں گے جبکہ فرحان محبوب نے امریکہ کے کرسٹوفر گورڈن کو زیر کیا کوارٹرفائنل میں ان کے مدمقابل مصر کے رامی آشور ہونگے۔