Saturday, 07 August, 2004, 06:37 GMT 11:37 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو رمیز راجہ نے کرکٹ کمنٹری کی مصروفیات کی بنا پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
رمیز راجہ ان دنوں سری لنکا میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان سیریز کی کمنٹری میں مصروف ہیں۔
انہوں نے اپنے فیصلے سے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو آگاہ کردیا ہے۔
رمیز راجہ کے استعفے سے کرکٹ بورڈ سے ان کی طویل وابستگی ختم ہوگئی ہے جس کا آغاز مجیب الرحمن کے دور میں ہوا تھا۔ اس دوران وہ ایڈوائزری کونسل کے رکن سلیکٹر اور پھر چیف ایگزیکٹیو کے عہدے پر فائز رہے۔
رمیز راجہ کو حالیہ دنوں میں بیک وقت چیف ایگزیکٹیو اور کمنٹری کے سبب تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور اس کی بازگشت سینٹ کے ایوان میں بھی سنی گئی۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اب کرکٹ بورڈ میں کل وقتی چیف ایگزیکٹیو مقرر کیا جائے۔