Saturday, 03 July, 2004, 13:01 GMT 18:01 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ باب وولمر نے کہا ہے کہ وہ ماضی کو نہیں مستقبل کو دیکھ رہے ہیں اور وہ اس بات سے فِکرمند نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آٹھ سال میں گیارہ کوچ تبدیل کرچکاہے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پہلی مرتبہ پاکستانی میڈیا کے روبرو چھپن سالہ باب وولمر نے السلام علیکم سے گفتگو کا آغاز کیا اور کہا کہ کہ کرکٹ بذات خود ایک عالمگیر زبان ہے اور انہیں اپنی ذمہ داری میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ وہ ٹیم کے ارکان سے بات چیت میں پیش آنے والی ممکنہ مشکلات کا ذکر کر رہے تھے۔
باب وولمر نے کہا کہ جاوید میانداد یقیناً بڑے بیٹسمین ہیں اور وہ ان جیسے بیٹسمین نہ بن سکے لیکن انہوں نے کہا کہ جہاں تک کوچنگ کا تعلق ہے انہیں خود پر مکمل بھروسہ ہے۔
کانپور میں پیدا ہونے اور کراچی میں کچھ وقت گزارنے والے انگلینڈ اور کینٹ کے سابق بیٹسمین نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم دنیا کی چند بڑی ٹیموں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے آسٹریلیا کی مثال رکھیں گے جو عصرحاضر کی سب سے مضبوط ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو بھی اس کے ہم پلہ لایا جائے ۔
باب وولمر کا پہلا امتحان سولہ جولائی سے سری لنکا میں شروع ہونے والا ایشیا کپ ہے۔
باب وولمر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان آنے سے قبل شعیب اختر سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر شعیب اخترکو پاکستان کی طرف سے کھیلنا ہے توانہیں کیمپ میں آنا ہوگا اور ’بس پکڑنی ہوگی ایسا نہ ہو کہ دیر ہوجائے اور بس آگے نکل جائے‘۔
پاکستانی اسپیڈ اسٹار اتوار کو لاہور پہنچ کر قومی کیمپ میں شامل ہوجائیں گے۔ وہ انگلستان میں ڈرہم کاؤنٹی کی نمائندگی کررہے تھے ۔