http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 30 June, 2004, 16:25 GMT 21:25 PST

آفریدی کینٹ کے لیے کھیلیں گے

کینٹ نے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ آفریدی نیو زی لینڈ کے ایین بٹلر کے آنے تک ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

چوبیس سالہ آفریدی تیز رفتار بولر محمد سمیع کی جگہ لیں گے۔ محمد سمیع ایشیا کپ کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔

آفریدی پہلے لیسٹرشائر اور ڈاربیشائر کی ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ حال ہی میں وہ لیشنگز کی طرف سے کھیل رہے تھے۔

کینٹ کے چیف اییگزیکٹو پال ملمین کا کہنا ہے کہ اب شاہد آفریدی اور اینڈرو سمنڈس کو ایک ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

آفریدی کینٹ کی طرف سے اپنا پہلا میچ جمعہ کو مڈل سیکس کروسیڈرز کے خلاف کھیلیں گے۔

اندازہ ہے کہ آفریدی کینٹ کی طرف سے بیس میچ کھیلیں گے۔