پاکستان اور بھارت کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کو جیت ہار کی بجائے سکیورٹی کی نظر سے دیکھا جائے تو اس پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا کے اس تبصرے سے زیادہ اور کیا مستند بات ہوسکتی ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے آئندہ دورۂ پاکستان میں کراچی میں ٹیسٹ میچ ہرصورت میں کھیلے گی۔
جگموہن ڈالمیا آئی سی سی کے صدر احسان مانی کے ساتھ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل دیکھنے کے لئے نیشنل سٹیڈیم میں موجود تھے جو غیرمعمولی سکیورٹی کے حصار میں تھا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے موثر انتظامات اور شائقین کے جوش و خروش کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط نے جہاں دوسروں کو متاثر کیا وہاں ڈالمیا بھی یہ کہے بغیر نہ رہ سکے کہ وہ سکیورٹی کے ماہر نہیں ہیں لیکن ان کی آئندہ کے لئے تجویز یہ ہوگی کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے اگلے دورے کا آغاز کراچی میں ٹیسٹ میچ کے ساتھ کرے۔
پہلے کی بات اور تھی |
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تمام ہی بھارتی صحافیوں نے کراچی کے میچ کے لئے ہونے والے انتظامات کوشاندار قراردیا ہے اور خصوصاً پولیس اور رینجرز کے رویئے کی تعریف کی ہے۔ ان صحافیوں نے اپنے مراسلوں میں بھی ان انتظامات کا تذکرہ کیا ہے۔
پاکستان کے تمام اخبارات نے شہ سرخیوں میں میچ رپورٹ کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں کے نظم وضبط کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس کے بعد اب توقع کی جاسکتی ہے کہ آئندہ کوئی بھی ٹیم پاکستان کرکٹ بورڈ سے کراچی میں نہ کھیلنے کی شرط نہیں منوائے گی۔
میں نے ایسا تو نہیں کہا |
پاک بھارت کرکٹ کے مستقبل کو روشن قرار دیتے ہوئے ڈالمیا کہتے ہیں کہ اتنے سال بغیر کرکٹ کھیلے گزرنے کے بعد یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ کرکٹ روابط کی بحالی کا فیصلہ کچھ سوچ سمجھ کر ہی کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ یہیں پر ختم نہیں ہوگا ۔ ان کا کہنا ہے کہ اب پاکستان ٹیم کی بھارت کے دورے کی باری ہے اور پھر یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔
اس کے علاوہ دونوں ملک نہ صرف ایشیا کپ میں کھیلیں گے بلکہ ایشین ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ میں بھی آمنے سامنے آئیں گے۔