آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ال کلاسیکو: سول بدامنی کے خدشے کے سبب بارسلونا اور ریال میڈرڈ کا میچ ملتوی
ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا میں بارسلونا اور ریال میڈرڈ کلب کے مابین رواں ماہ ال کلاسیکو میچ کو سول بدامنی کے خدشے کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ میچ 26 اکتوبر کو کھیلا جانا تھا تاہم پیر کو کاتالونیہ کے نو علیحدگی پسند رہنماؤں کو جیل بھیجنے کے بعد سے بارسلونا میں احتجاج ہو رہا ہے۔
بارسلونا اور ریال میڈرڈ دونوں نے ہی اس میچ کو میڈرڈ منتقل کرنے سے اتفاق نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
دونوں کلبوں کو پیر تک میچ کی نئی تاریخ کے لیے رضا مند ہونا ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بارسلونا کے مینیجر ارنسٹو والورڈے نے کہا تھا کہ بارسلونا میچ کو میڈرڈ منتقل کرنے کے خلاف ہے کیونکہ وہ 23 اکتوبر کو چیمپیئنز لیگ میں سلاویہ پراگ کا دورہ کرنے والے ہیں جو کہ ال کلاسیکو میچ سے تین روز پہلے کھیلا جائے گا۔
لیگ لا لیگا نے اس میچ کو ملتوی کرنے کی درخواست اس وجہ سے کی کہ ’ہمارے اختیار سے باہر کے غیر معمولی حالات‘ کی وجہ سے کی کیونکہ میچ کے دن بارسلونا میں مزید احتجاج کی توقع ہے۔
سپین کے کاتالونیہ خطے میں پانچویں روز بھی احتجاج جاری ہے جس کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
کاتالونیہ کے مختلف علاقوں میں جمعے کو لاکھوں افراد نے آزادی کے جھنڈے لہرائے اور ’سیاسی قیدیوں کے لیے آزادی‘ کے نعرے لگائے۔
کاتالونیا میں جاری احتجاج کے باعث کم سے کم 96 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
کاتالونیہ سپین کے شمال مشرق میں ایک خودمختار علاقہ ہے اور وہاں یکم نومبر سنہ 2017 کو ایک ریفرینڈم میں کاتالونیہ کے 90 فیصد ووٹروں نے آزادی کے حق میں ووٹ ڈالے تاہم اس ریفرینڈم میں ووٹ ڈالنے کی شرح صرف 43 فیصد تھی۔
اس ریفرینڈم کو سپین کی آئینی عدالت غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔
سپین کی سپریم کورٹ نے کاتالونیہ کے نو علیحدگی پسند رہنماؤں کو ریفرنڈم میں ان کے کردار پر بغاوت کا مجرم قرار دیا گیا تھا اور انھیں نو سے 13 سال کے درمیان قید کی سزا سنائی تھی۔