Thursday, 20 September, 2007, 13:10 GMT 18:10 PST
ایک مشاہدہ کے مطابق خواتیں اپنی چھاتی کے کینسر کی علامات کی نشاندہی کے حوالے سےکافی غلط فہمیوں کا شکار ہیں۔
برطانیہ کے ایک رفاہی ادارے، بریک تھرو بریسٹ کینسر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی تحقیق میں حصہ لینے والی ایک چوتھائی خواتین کو یہ غلط فہی تھی کہ ہر وقت کی کھانسی بریسٹ کینسر کی علامت ہو سکتی ہے۔ جبکہ اکیاسی فیصد کا خیال تھا کہ چھاتی پر تل بھی آگے چل کر بریسٹ کینسر ہو سکتا ہے۔
یہ ادارہ اب فیملی ڈاکٹروں کی مدد چاہتا ہے تاکہ ان غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے اوران لوگوں کی نشاندہی میں اضافہ ہو سکے جن میں بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات موجود ہوں۔
سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ستر سال اور اس سے زائد عمر کی خواتین کو اس بات کا علم نہیں تھا کے وہ اپنے ڈاکٹروں یا مقامی بریسٹ سکرینگ یونٹ کے ذریعے مفت چھاتی کا معائنہ کروا سکتی ہیں۔ بریسٹ کینسر ہونے کے خطرات عورتوں کی عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتے رہتے ہیں اور بریسٹ سکرینگ سے اس کو ابتدائی دور میں پکڑا جا سکتا ہے، جس میں وہ علامات نظر آجاتی ہیں جو ہاتھ سے محسوس نہیں کی جا سکتیں۔
بریک تھرو بریسٹ کینسر کے سربراہ نے کہا: ’یہ بات واضح ہے کے بریسٹ کینسر برطانیہ میں سب سے زیادہ پایا جانے والا کینسر ہونے کے باوجود خواتین اس حوالے سےکافی غلط فہمیوں کا شکار ہیں، اور اب بھی اُن کا رجحان ہے کہ وہ گلٹی کی نشاندہی کرنے کے لیے ہاتھ سے محسوس کرنے کو ہی کافی سمجھتی ہیں۔