http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 02 September, 2007, 15:09 GMT 20:09 PST

ڈیوڈ شکمین
بی بی سی نیوز

برفانی جزیرہ رودباد میں پھنس گیا

اطلاعات کے مطابق ایک دس میل لمبا اور تین میل چوڑا برفانی جزیرہ کینیڈا سے متصل بحیرہ منجمد شمالی کی ایک رودباد میں پھنس گیا ہے۔

آئیلز نامی یہ برفانی جزیرہ دو برس قبل کینیڈا کے ساحل سے علیحدہ ہوا تھا اور اس وقت سے سائنسدان اس آئس برگ کی حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سائنسدان برف کے اس جزیرے کی بقیہ سمندر سے علیحدگی کو آرکٹک میں رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کی مثال قرار دیتے ہیں

اس برس مئی میں سائنسدان پہلی مرتبہ بذریعہ ہوائی جہاز اس جزیرے پر اترے تھے اور یہاں سائنسی تجربات کیے تھے۔انہیں یہ اندیشہ بھی تھا کہ کہیں یہ عظیم الجثہ برفانی تودہ الاسکا کے علاقے میں موجود تیل اور گیس کی تنصیبات کا رخ نہ کر لے۔

سیٹلائٹ تصاویر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ برفانی جزیرہ سمندر میں مئی سے اب تک تین سو دس کلومیٹر کا سفر طے کر چکا ہے اور ملکہ الزبتھ سے منسوب دو جزائر کے درمیان ایک رودباد میں پھنس چکا ہے۔

اس جزیرے پر جانے والی مہم میں شامل ڈاکٹر لیوک کوپلینڈ کا کہنا ہے کہ اس سال سمندر میں برف کے کم جماؤ کی وجہ سے ہی یہ برفانی جزیرہ اتنی دور تک پہنچے میں کامیاب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ اب اس تودے سے بحیرۂ بیوفورٹ میں واقع تیل کی تنصیبات کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ اب یہ کھلے سمندر میں داخل ہو چکا ہے اور ممکنہ طور پر اب یہ الزبتھ جزائر میں ہی پھنسا رہے گا۔