http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 22 June, 2007, 00:37 GMT 05:37 PST

چلی: اچانک جھیل غائب ہوگئی

چلی میں سائنسداں ملک کے جنوب میں ایک گلیشیرجھیل کے اچانک غائب ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

افسران کا کہنا ہےکہ مارچ میں جب میگالانز خطے میں پارک کے رینجرگشت پر گئے تو پانچ ایکڑ کے علاقے میں پھیلی اس جھیل کا پانی بالکل ٹھیک تھالیکن گزشتہ ماہ اچانک جھیل کا ایک بڑا حصہ سوکھا دکھائی دینے لگا پانی کی جگہ کہیں کہیں برف کے وہ ٹکڑے پڑے دکھائی دے رہے ہیں جو جھیل کی سطح پر تیرتے نظر آتے تھے۔

ایک افسر جیوان جوز رومیرو نے کہا کہ جب مارچ میں ہم علاقے کی گشت پر گئے تو سب کچھ ٹھیک تھا۔ لیکن جب ہم نے مئی میں دیکھا تو بہت حیرانی ہوئی کیونکہ جھیل تقریباً غائب ہو چکی ہے اور وہاں اگر اب کچھ ہے تو برف کے ٹکڑے ہیں۔

ماہر عرضیات اور دیگر ماہرین کو علاقے میں تحقیقات کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

اس علاقے میں زلزلے بہت آتے ہیں اور ایک تھیوری یہ بھی ہے کہ اپریل میں پاس ہی کے علاقے آئسن میں زلزلے کے سبب جھیل کی تہہ میں دراڑیں پڑ گئی ہوں گی جس سے جھیل کا پانی نیچے چلا گیا۔

گلیشئر کے ماہر اینڈریس رائی ویرا کا کہنا ہے کہ جھیل کا غائب ہونا عرضی تبدیلیوں کا ایک حصہ ہے۔