Saturday, 05 May, 2007, 07:39 GMT 12:39 PST
برازیلی اور امریکی سائنسدان مکڑی کے زہر کو نامردی کے ممکنہ علاج کے طور پر استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
یہ تحقیقات ان اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد شروع ہوئی تھیں جن میں ’فوونیوٹیرا نگری ونٹر‘ نامی برازیلی مکڑی کے زہر کا شکار بننے والے مردوں نے مردانہ قوت میں اضافے کا تذکرہ کیا تھا۔
دو سالہ تحقیق کے بعد سائنسدان یہ پتہ لگانے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ اس مکڑی کے زہر میں Tx2 - 6 نامی ایسا زہریلا مادہ پایا جاتا ہے جو’پریاپزم‘ کی وجہ ہے۔
’فوونیوٹیرا نگری ونٹر‘ یا برازیلی آوارہ مکڑی کا زہر کچھ حالات میں مہلک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اب امریکہ میں اس زہریلے مادے پر تجربات جاری ہیں جس کے بعد ہی انسانی استعمال کے لیے اس کی منظوری دی جا سکے گی۔ جارجیا کے میڈیکل کالج میں جاری ان تجربات کے نتائج ایک ماہ میں متوقع ہیں۔
برازیلی اور امریکی سائنسدانوں نے دورانِ تحقیق ان افراد کے انٹرویو بھی کیے جن کی جنسی زندگی اس مکڑی کے کاٹنے کے بعد بہتر ہو گئی تھی اور اب سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ برازیلی مکڑی کے زہر میں موجود مادے کو ویاگرا جیسی مردانہ قوت کی دواؤں میں ملا کر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔