http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 04 May, 2007, 15:44 GMT 20:44 PST

انٹرنیٹ پر بچے کی جنس کا تعین

انٹرنیٹ پر ایک ایسے ٹیسٹ کی کِٹ برائے فروخت ہے جس کی مدد سے پیدا ہونے والے بچے کی جنس کا تعین زچگی کے چھٹے ہفتے میں بھی کیا جا سکتا ہے۔

کمپنی ڈی این اے ورلڈ وائڈ نے اس کٹ کی قیمت 189 پاؤنڈ (تقریباً تیئس ہزار پاکستانی روپے) مقرر کر رکھی ہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کٹ کی وجہ سے بچے کی جنس خواہش کے مطابق نہ ہونے پر اسقاطِ حمل کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

لیکن یہ کٹ متعارف کرانے والی کمپنی اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہتی ہے کہ بچے کی جنس کا تعین ہوجانے پر والدین کو اس کے مطابق تیاری کرنے کا زیادہ وقت مل جاتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کی کٹ کے ذریعے کیے گئے خون کے ٹیسٹ کے نتائج 99 فیصد درست ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ غلط پیش گوئی پر پیسے واپس کر دیئے جاتے ہیں۔

تاہم ہسپتالوں میں عام طور پر زچگی کے بیسیویں ہفتے میں الٹرا ساونڈ کی مدد سے بچے کی جنس کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔

ڈی این اے ورلڈ وائد کے ڈائریکٹر ڈیوڈ نکلسن کے مطابق لوگ ان کی پروڈکٹ میں بہت دلچپسی لے رہے ہیں۔ ’والدین بیس ہفتے تک ہونے والے بچے کی جنس کے تعین کا انتظار نہیں کرنا چاہتے‘۔

حاملہ خاتون کو اپنے خون کا اس کٹ کی مدد سے حاصل کردہ نمونہ کمپنی کی لیبارٹری کو تجزیے کے لیے بھیجنا ہوتا ہے، جس کا نتیجہ ڈاک کے ذریعے یا محفوظ پاس ورڈ کی مدد سے آن لائن بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ لیبارٹری تجزیے میں ماں کے خون میں بچے کا ڈی این اے تلاش کیا جاتا ہے۔

اگر یہ وائی کروموزوم ڈی این اے ہے تو کہا جا سکتا ہے کہ کوکھ میں پلنے والا بچہ لڑکا ہے اور اگر ایسا نہیں ہے تو اتنے ہی یقین سے کہا جائے گا کہ لڑکی ہوگی۔

تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنس کے تعین کی بجائے توجہ ماں کی صحت اور بچے کی نشوونما پر ہونی چاہیے۔