http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 18 April, 2007, 03:10 GMT 08:10 PST

سلامتی کونسل میں ماحول کا مسئلہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پہلی بار بدلتے ہوئے موسموں کے مسئلے پر بحث کی گئی۔ تاہم کچھ ارکان کو اعتراض تھا کہ یہ اس موضوع پر بات چیت کے لیے مناسب فورم نہیں۔

برطانوی وزیر خارجہ نے بحث کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ماحول کا مسئلہ اب سلامتی کا مسئلہ بھی بن چکا ہے۔ روس اور چین نے اس مسئلے کو سلامتی کونسل میں اٹھانے کی مخالفت کی۔

مسز بیکٹ نے کہا کہ غیر متوقع موسمی تبدیلیاں عالمی اختلافات بڑھا سکتی ہیں۔ برطانیہ اس وقت سلامتی کونسل کا سربراہ ہے۔

بحث میں پچپن ممالک نے حصہ لیا لیکن اس کے نتیجے میں کوئی قرارداد یا بیان جاری نہیں کیا گیا۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے بارے میں سٹرن رپورٹ نے دو عالمی جنگوں کے میں پیدا ہونے والے اقتصادی بحرانوں جیسے حالات کے امکان سے متنبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں چین کے نائب سفیر نے کے سلامتی کونسل ماحول جیسے مسئلے سے نمٹنے کی پیشہ ورانہ صلاحیت نہیں رکھتی۔ پاکستان کے نمائندے فرخ عامل نے کہا کہ سلامتی کونسل کے لیے اس موضوع پر بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ تاہم پاناما، پیرو اور جزیروں پر قائم کچھ دیگر ریاستوں نے برطانوی موقف کی حمایت کی۔

اقوام متحدہ میں برطانوی مِشن نے اپنے مؤقف کے حق میں ایک رپورٹ تقسیم کی جس میں کہا گیا ہے کہ اس صدی کے دوران بہت سی ارضیاتی تبدیلیاں متوقع ہیں جو سرحدی تنازاعت کو جنم دیں گی۔