Saturday, 17 March, 2007, 12:24 GMT 17:24 PST
جلد ہی گھروں میں بجلی کی مین سپلائی کے ساکٹ سے ڈیجیٹل ٹی وی کے سگنل وصول کرنا ممکن ہوجائے گا۔
اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے گھر کے تمام کمروں میں وڈیو سگنل بھیجے جاسکیں گے۔
’سی بٹ ٹیکنالوجی‘ کمپنی کے ایک میلے میں جرمنی کے ایک ادارے ’ڈی وولو‘ میں ایسے ہی ڈیجیٹل ٹی وی کی نمائش کی گئی ہے جس سے امید کی جارہی ہے کہ گھروں کی نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی میں جدت آجائے گی۔
اگرچہ ٹیکنالوجی کے کئی ادارے مین پاور سپلائی کے ذریعے ڈیٹا ٹرانسفر کی کوششوں کررہے ہیں لیکن ڈی وولو وہ پہلی کمپنی ہے جو اس طریقہ کار پر ٹی وی سگنل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
لوگوں میں اپنے گھروں کے ڈیجیٹل ڈیوائس کمپیوٹر کیبل سے جوڑنے کا رجحان زور پکڑ رہا ہے تاہم لوگ اب ایسی ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جس میں بجلی کی مین سپلائی کے ساکٹ سے ڈیٹا ٹرانسفر ممکن ہوسکے۔
ڈی وولو کے ماہر آندرے جانسن کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی سے ٹی وی سگنل کو آئی پی سگنل میں تبدیل کردیا جاتا ہے اور یہ سگنل 200 میٹر کی رینج تک بھیجا جاسکتا ہے جو ایک گھر کے تمام کمروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔
ابھی ڈی وولو کمپنی نے اس نئے ’ہوم ٹی وی نیٹ ورک سسٹم‘ کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا ہے۔
کمپنی کا منصوبہ ہے کہ اگلے سال تک ایسی ٹیکنالوجی ڈیزائن کرلی جائے جس کے ذریعے سیٹلائٹ اور کیبل ٹی وی نیٹ ورک کا استعمال گھروں میں ممکن ہوسکے۔