Tuesday, 20 February, 2007, 12:45 GMT 17:45 PST
امریکہ میں ڈاکٹروں کےمطابق ایک بچی رحم مادر میں اب تک کا سب سے کم وقت گزارنے کے بعد پیدا ہوئی ہے۔
کہا جارہا ہے نوزائدہ امیلیہ ٹیلر تئیس ہفتے سے بھی کم ماں کے پیٹ میں رہیں۔
املیہ چوبیس اکتوبر کو میامی کے ایک ہسپتال میں پیدا ہوئی تھیں اور پیدائش کے وقت ان کا وزن صرف دو سو چوراسی گرام تھا۔ تقریبا چار ماہ سے وہ ہسپتال میں ہیں۔
پیدائش کے وقت امیلیہ ٹیلر کا قد قلم کے برابر تھا۔ اتنا نحیف و کمزور ہونے کے باوجود ان کا زندہ رہنا ماں باپ اور ہسپتال کے ڈاکٹروں کے لیے کسی معجزہ سے کم نہیں ہے۔
یونیورسٹی آف ایوا جو قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کا ریکارڈ رکھتی ہے، اس کے مطابق امیلیہ رحم مادر میں صرف بائیس ہفتے رہی ہیں جو اب تک کا سب سے کم وقت ہے۔
ڈاکٹروں کو اس بات کی امید بہت کم تھی کہ وہ زندہ رہیں گی لیکن امیلیہ حیات ہیں۔
![]() | |
| ڈاکٹروں کو بچی کے بچنے کی امید بہت کم تھی |
ڈاکٹروں کے مطابق سائنس کی ترقی نے بھی ایسے وسائل پیدا کیے ہیں کہ یہ سب ممکن ہے ورنہ دس برس قبل تک یہ ایک خواب تھا۔
تقریبا چار ماہ ہسپتال میں گزارنے بعد امیلیہ 20 فروری کو اپنے گھر روانہ ہوں گی۔ ان کی ماں کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش کے چھ ہفتے بعد بھی وہ اسے گود میں لینے کے لیے ترستی رہی ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کا وزن ابھی بھی دو کلو گرام سے کم ہے اس لیے اس کی سخت طبی نگرانی ضرورت ہے جو وقتا فوقتا کی جاتی رہے گی۔