Saturday, 10 February, 2007, 11:51 GMT 16:51 PST
سائنسدانوں کاخیال ہے کہ بڑے عہدوں پر فائز مردوں کی نسبت خواتین زندگی کے ساتھی کے طور پر اوسط آمدنی والے مردوں کو ترجیح دیتی ہیں۔
حیرت انگیز طور پر یونیورسٹی آف سنٹرل لنکا شائر کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق خواتین نے اوسط آمدنی والے مردوں کو ترجیح اس لیے دی کیونکہ ان کا خیال تھا کہ یہ مرد زیادہ اچھے باپ ثابت ہوں گے۔
تحقیقات کار سائمن چو کےمطابق بڑے عہدوں پر فائز مردوں کو خواتین اپنی رسائی سے دور اور ’مصنوعی‘ تصور کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’بعض حالات میں امیر طبقے کے مرد واقعی زیادہ پرکشش ثابت نہیں ہوتے‘۔
سائمن چو کا کہنا ہے کہ خواتین مردوں میں ظاہری کشش اور خدوخال دیکھتی ہیں جبکہ امیر مردوں کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ یہ اچھے باپ ثابت نہیں ہوسکتے۔
تحقیق کے دوران خواتین کے سامنے 20 سے 30 سال کے 60 مردوں کی تصویریں رکھی گئیں۔ پھر ان میں سے چھ خوبصورت، چھ اوسط اور چھ معمولی شکل و صورت کے مردوں کی تصاویر منتخب کی گئیں۔ پھر ان تصاویر کے ساتھ ان مردوں کی آمدنی کی تفاصیل دی گئیں۔ ان میں سے چند افراد نہایت اعلٰی عہدوں پر فائز تھے، کچھ معمولی ملازمتوں پر تھے اور کچھ کم آمدنی والے تھے۔
خواتین نے جن مردوں کا انتخاب کیا ان میں سے بیشتر اچھی شکل و صورت والے مگر اوسط آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے تھے۔
ایک ماہر نفسیات انگرڈ کولنز کا کہنا ہے کہ خواتین بچوں کی پرورش کے بارے میں گھر کا اہم ترین فرد ہوتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایسے جیون ساتھی کا ساتھ چاہتی ہیں جو اس ذمہ داری میں ان کا ساتھ دے سکے۔