Tuesday, 02 January, 2007, 04:23 GMT 09:23 PST
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سن دو ہزار چھ میں ویب استعمال کرنے والوں نے اپنی اہمیت منوانا شروع کی۔ تقریباً سب ہی ویب کی دنیا کے بڑے ناموں ایمیزون، یاہو اور گوگل سے واقف ہیں اور گزشتہ بارہ ماہ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کی حکمرانی ہمیشہ کے لیے نہیں۔
دو ہزار چھ میں یُو ٹیوب، مائی سپیس، بیبو اور فیس بُک اور کئی دیگر ویب سائٹوں کے نام شہہ سرخیوں میں نظر آئے۔
کونسورٹ پارٹنرز کی کیتھی جانسن کہتی ہیں کہ سن دو ہزار سات میں بھی ویب استعمال کرنے والے لوگ توجہ کا مرکز رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویب کمپنیاں انٹرنیٹ کے صارفین سے معلومات حاصل کرنے کے طریقے تلاش کر لیں گی۔ اس کی ضرورت کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمیزون نئی کتابوں، فلموں اور آلات کے بارے میں سفارشات کرتی ہے لیکن بہت کم لوگ اس پر اعتبار کرتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم نہیں کہ کسی چیز کے بارے میں کمپنی کی رائے کی بنیاد کیا ہے۔
تکنیکی مشاورت کے لیے یورپی تحقیقاتی لیبارٹری ایکسینچیور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مارٹن الزلے کے مطابق دو ہزار سات انفرادی ٹیکنالوجی خاص طور پر موبائل فون کے لیے بھی بڑا سال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیمرہ فون گاہکوں کے لیے کمپنیوں کے ساتھ فون اور ای میل کے ساتھ تصویری رابطہ بھی ممکن بنا دے گا۔
کمپنیوں کے لیے اس پیش رفت کا منفی پہلوں یہ ہے کہ اب لوگ کسی چیز کے نقص کے بارے میں زیادہ شواہد جمع کر سکیں گیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ روبوٹ، وائرلیس سنسر نیٹ بھی روز مرّہ زندگی کا حصہ بن سکتے ہیں۔