Sunday, 17 December, 2006, 15:40 GMT 20:40 PST
ایک بین الاقوامی تحقیق کے مطابق جسمانی طور پر چاق و چوبند رہنے سے بڑی آنت کے کینسر کا خطرہ بہت حد تک کم ہو جاتا ہے۔
اس سلسلے میں سائنسدانوں نے دس یورپی ملکوں سے چار لاکھ تیرہ ہزار افراد سے لیے گئے مواد کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا کہ جسمانی طور پر چاق و چوبند لوگ باقی لوگوں کی نسبت بائیس فیصد تک کم تعداد میں بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق دن بھر میں ایک گھنٹے کی سخت ورزش یا بھر دو گھنٹے کی درمیانے درجے کی ورزش کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کافی ہے۔
اس تحقیق سے پتا چلا ہے جسمانی طور پر فعال افراد کی پینتیس فیصد تعداد بڑی آنت کے دائیں جانب کے حصے کے کینسر سے محفوظ رہتی ہے۔
ایسے لوگ جو کہ چاق و چوبند ہوتے ہیں اور ان کا وزن بھی کم ہوتا ہے ان میں اس طرح کے کینسر کا خطرہ اور بھی کم ہو جاتا ہے۔