Thursday, 07 December, 2006, 08:51 GMT 13:51 PST
امریکہ کے خلائی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ حال ہی میں مریخ پر پانی کی موجودگي کے کچھ مزيد پختہ ثبوت ملے ہیں۔
سیارہ مریخ پر پانی کی موجودگی سےاس نظریہ کو مزید تقویت ملتی ہے کہ وہاں زندگی ممکن ہے۔
مریخ سے ملنے والی تصاویر میں نالوں کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ برس پہلے یہاں پانی بہتا ہو۔
سائنس دانوں کو مریخ کے نالوں میں ہلکے رنگ کے چمکیلے مادے کا بھی پتہ چلا ہے اور اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جارہا ہے کہ ممکن ہے وہ کیچڑ یا نمک ہو یا پھر پانی گزرنے کے بعد فضا کہرآلود ہوگئی ہو۔
کلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پروفیسر اوڈیڈ اہرون سن کا کہنا ہے کہ جہاں پانی بہنے کے پختہ ثبوت کی بات کہی جارہی ہے وہیں یہ بھی ممکن ہے کہ تصویروں کامطلب کچھ اور بھی ہو۔
کلوروڈو یونیورسٹی میں ماہر فلکیات پروفیسر بروس جیکوسکی کا کہنا ہے کہ اس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ مریخ پر زندگی چاہے ماضی کی ہو یا پھر موجودہ دورکی اسکی تلاش کتنی اہم ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ دن بدن اس بات کے ثبوت مزید پختہ ہوتے جارہے ہیں کہ سیارہ مریخ پہلے سے اب زیادہ متحرک ہے۔