http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 09 November, 2006, 18:59 GMT 23:59 PST

سیل ٹرانسپلانٹ سے بینائی واپس

خلیوں کی پیوندکاری یعنی سیل ٹرانسپلانٹ کے ذریعے سائنسدان ایک تجربہ کرکے چوہوں کی آنکھ کی بینائی واپس لانے میں کامیاب ہوگئے۔

اس کامیابی سے یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ سیل ٹرانسپلانٹ کے ذریعے انسانوں کی آنکھوں کی بینائی بھی واپس لائی جاسکتی ہے۔

برطانیہ میں سائنسدانوں نے ایسے جانوروں پر تجربات کیے جن کی آنکھوں میں کچھ اس طرح کی خرابی تھی جو انسانوں کی آنکھوں کی بیماریوں میں بھی پائی جاتی ہے۔

یہ سائنسدان چوہوں کی آنکھوں میں سٹیم سیل کے ٹرانسپلانٹ کے ذریعے ان کی بینائی واپس لانے میں کامیاب رہے۔ یہ انکشاف سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والے ایک مطالعے میں کیا گیا ہے۔

اگر اسی عمل کے ذریعے یہ سٹیم سیل انسانوں کی آنکھوں میں پائی جانے والی بیماریوں کے علاج میں استعمال کیے جائیں تو ممکن ہے کہ کروڑوں متاثرہ انسانوں کی بینائی واپس لائی جاسکے۔

سٹیم سیل ٹرانسپلانٹ کے بعد جسم میں کسی بھی طرح کے سیل میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔ لیکن ماضی میں آنکھ کی پتلی میں سٹیم سیل ٹرانسپلانٹ کرنے کے ایسے تجربات ناکام رہے ہیں۔

تاہم اس بار سائنسدانوں نے ایک ایسے چوہے سے سٹیم سیل نکالا جس کی زندگی صرف پانچ سال کی ہوئی تھی اور ابھی اس کی آنکھ کی پتلی بن ہی رہی تھی۔ اس طرح حاصل کیے گئے سٹیم سیل کو سائنسدانوں نے آنکھوں کی بیماری والے دوسرے چوہوں کی آنکھ میں ٹرانسپلانٹ کرکے ان کی بینائی واپس کردی۔

اس کامیاب تجربے سے امید پیدا ہوگئی ہے کہ اب یہ تجربہ انسانوں پر بھی کیا جاسکتا ہے۔ یہ سائنسی تجربہ یونیورسٹی کالج لندن کے سائنسدانوں نے کیا۔