Wednesday, 13 September, 2006, 11:27 GMT 16:27 PST
ایپل نامی کمپیوٹر فرم نے اپنے نئے منصبوں کا اعلان کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کا نیا پروڈکٹ صارفین کے گھروں میں تفریخی سسٹم میں اپنی جگہ ضرور بنائے گا۔
اس کمپنی نے ایک ایسا آلہ بنایا ہے جس کی مدد سے میوزک اور ویڈیو کو کسی تار کی مدد کے بغیر کمپیوٹر سے ٹی وی پر سنا اور دیکھا جا سکے گا۔
اس پلگ ان ہارڈ ویر کو اگلے سال کے آغاز میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور اسے عارضی طور پر ’آئی ٹی وی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اپنی سب سے زیادہ بکنے والی مصنوعات ’آئی پاڈ میوزک پلیر‘ کی تکنیک میں بہتری کی خبر کے ساتھ ایپل نے ایسی سرویسز کا بھی آغاز کیا ہے جن کی مدد سے صارفین فلمیں بھی ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
فلمیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے اس نئے کام کے بارے میں مبصرین کافی عرصے سے اعلانات کر رہے تھے اور ایپل نے یہ آغاز آن لائن مختلف اشیاء فروخت کرنے والی کمپنی امیزان کی پیروی کرتے ہوئے کیا ہے۔
پیکسر، ٹچ سٹان، میرامیکس ، اور ڈیزنی کے ساتھ اپیل کی فلمیں بیچنے کے سلسلے میں معاہدہ ہو گیا ہے۔ ان کمپنیوں میں ایپل کے چیف ایگزیکٹو سٹیو جابز بحثیت ڈاریکٹر بھی کام کرتے ہیں۔
ایپل کا تیار کردہ نیا باکس جس کا حجم تقریباً تین سی ڈی کیسوں کے برابر ہے 299 ڈالر میں فروخت ہو گا اور اس کا مقصد ہوم انٹرٹینمٹ اور کمپیوٹر سسٹم کے درمیان رابطے کا کام ہو گا۔
کچھ عرصے سے مائیکروسافٹ، میڈیا سینٹر نامی پی سی فروخت کر رہا ہے جن کو لیونگ روم (بیٹھک) میں رکھا جاتا ہے۔ لیکن مائیکرو سافٹ کی یہ مشین ابھی تک کریکٹل ماس تک نہیں پہنچی۔
اگرچہ ایسے کئی آلے موجود ہیں جن کی مدد سے سیٹلائیٹ اور کیبل ٹی وی سے وڈیو اور ڈیٹا کمپیوٹر پر منتقل کیا جا سکتا ہے لیکن ابھی تک یہ کامیابی حاصل نہیں کی جا سکی تھی کہ صارفین کو اس بات پر آمادہ کیا جائے کہ وہ کنکشن کو مخالف سمت میں استعمال کریں۔
ایپل کا یہ سسٹم میکنٹاش اور پی سی استعمال کرنے والوں کے کام میں آسانی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ایپل کے اس آلے کی مدد سے مخفوظ کی ہوئی میوزک کو سٹیریو سسٹم میں منتقل کیا جا سکے گا اور اسے ٹی وی کی مدد سے کنٹرول بھی کیا جائے گا۔
جوپیٹر ریسرچ کے سینیر تجزیہ کار آئن فاگ کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم نہ صرف باقی کمپیوٹر بنانے والی کمپنیوں کے لیے بلکہ براڈ بینڈ فرموں کے لیے بھی ایک چیلنج ہوگا۔