Tuesday, 15 August, 2006, 16:55 GMT 21:55 PST
امریکی اخبار ٹائم کے مطابق ویڈیو ویب سائٹ ’یوٹیوب‘ اور معاشرتی میل جول بڑھانے کے لیے بنائی گئی ویب سائیٹ ’مائی سپیس‘ کا شمار سال کی ’پچاس پسندیدہ ویب سائیٹس‘ میں ہوتا ہے۔
ٹائم کا رسالہ یہ انتخاب مختلف شعبوں میں کرتا ہے جن میں فن و تفریخ ، شاپنگ، اور موسیقی شامل ہیں۔
ٹائم کی نمائندہ میری این مرّے بچنر کہتی ہیں کہ ’ ہم سینکڑوں امیدواروں کا موازنہ کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ کے بارے میں ہمیں پڑھنے والے، دوست اور ساتھی بتاتے ہیں۔‘
ٹائم رسالہ 2003 سے اس نوعیت کی سالانہ لسٹ جاری کر رہا ہے۔
تین سال قبل ای بے، ہاٹ میل، پے پال، گوگل اور انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس کو پسندیدہ سائٹس کی لسٹ میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔
ویب سائٹ ’مائی سپیس‘ کے بارے میں ٹائم کہتا ہے کہ یہاں ویب کے ستارے پیدا ہوتے ہیں، فلمی کیریر کا آغاز ہوتا ہے اور کئی اکیلے لوگ اپنے لیے ساتھی ڈھونڈ لیتے ہیں۔
رسالے کے مطابق اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کو دس کروڑ ریجسٹرڑ افراد استعمال کرتے ہیں۔
ٹائم کے مطابق جنگوں کے بارے میں پیشاورانہ طریقے سے معلومات فراہم کرنے والے کیوین سائیٹس کی ویب سائٹ ڈیجیٹل معلومات حاصل کرنے کے لیے ، متاثر کن مضامین اور دنیا بھر میں ہونے والی مختلف جنگوں کے بارے میں مواد فراہم کرنے کے لیے مشہور ہے۔‘
2006 میں منتخب کردہ ویب سائٹس ایسی ہیں جن کا استعمال کرکے کارئین اپنے خیالات کا بھی آن لائن اظہار کر سکتے ہیں۔
میری این مرّے بچنر کہتی ہیں کہ ’ آئندہ آنے والی ویب سائیٹس نئے طریقوں سے لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ان کو محظوظ بھی کریں گی۔ ان سائٹس میں ایسے آلات ہوں گے جن کی مدد سے میڈیا، بلاگ پوسٹس اور ویڈیو کلپس کو آسانی سے بنایا، دیکھا اور دوسرں تک پہنچایا جا سکے گا۔
اس لسٹ میں شامل دیگر سائٹس میں میوزک سروس ’پینڈورہ‘ شامل ہے جو کہ ایک آن لائن ریڈیو سٹیشن ہے اور لوگوں کو ان کی پسند کے مطابق موسیقی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ’مِیبو‘ جو کہ آن لائن فوری پیغام دینے کی سروس اور ’ گوگل سپریڈ شیٹ‘، ’سمارٹ سررچ اینجن آکونا اینڈ پیکسی‘ بھی اس لسٹ میں شامل ہیں۔