http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 19 July, 2006, 18:54 GMT 23:54 PST

دنیا کا سب سے بڑا ٹی وی

مٹسوشیتا نامی کمپنی دنیاکے سب سے بڑے پلازما سکرین ٹی وی کی فروخت کے لیئے یکم ستمبر سے جاپان میں آرڈر لینا شروع کردےگی۔

پیناسونک برینڈ مٹسوشیتا کمپنی کی ملکیت ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایک سو تین انچ کی سکرین والے ٹی وی کی فراہمی ستمبر کے آخر تک ہی ممکن ہو سکے گی۔

ٹی وی کے کل خریداروں میں سے صرف 20 فی صد افراد ہی بڑی سکرین سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اس کی قیمت پچاس ہزار ڈالر یا ساٹھ لاکھ این ہوگی۔

مٹسو شیتا کو امید ہے کہ ہر سال پانچ ہزار کے قریب پلازما سکرین ٹی وی فروخت کیے جا سکیں گے۔

103 انچ کی ٹی وی سکرین ڈبل سائز کے میٹریس سے تین گنا بڑی ہے اور اس کا وزن پیانو کے وزن جتنا ہوگا۔

مٹسوشیتا پلازما سکرین بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ جنوبی کوریا کی سام سنگ اور ایل جی کمپنیاں اس کے بڑی حریفوں میں سے ہیں۔

سام سنگ کمپنی پہلے ہی 102 انچ کا پلازما سکرین ٹی وی شروع کر چکی ہے لیکن یہ ٹی وی ابھی تک بازار میں دستیاب نہیں ہے۔