http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 19 June, 2006, 11:20 GMT 16:20 PST

نوکیا اور سیمنز کا اشتراک

نوکیا اور سیمنز کمپنی نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ اپنےموبائل فون اور فون نیٹ ورک کے آلات کا کاروبار کا اشتراک کردیں دیں گے۔ اس طرح یہ ادارہ دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک ادارہ بن جائے گا۔

تنظیم کے ڈھانچے میں دونوں اداروں کا 50 فیصد حصہ ہوگا۔ نئی کمپنی فن لینڈ میں ہوگی جہاں موجودہ نوکیا کا ادارہ قائم ہے۔

ادارے کے تخمینے کے مطابق اشتراک کے بعد کمپنی کی سالانہ فروخت 16 ارب یورو تک جاپہنچے گی جبکہ 2010 سے ہر سال ایک اعشارہ پانچ بلین یورو کی بچت متوقع ہے۔

یہ اشتراک فرانسیسی فون کمپنی الکاٹیل اور امریکی کمپنی لوسنٹ ٹیکنالوجیز کے اشتراک کے بعد سامنے آیا ہے۔

نیا کاروبار، جس میں سیمنز کا نیٹ ورک اور نوکیا کا فون ایکوپمنٹ ہوگا، نوکیا سیمنز نیٹ ورکس کہلائے گا۔

ادارے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اشتراک کے بعد ان کے پاس دنیا کے بہترین فون تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی، دنیا بھر میں خریداروں میں اضافہ ہوگا اور ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں ممالک میں ان کی مارکیٹ میں توسیع ہوگی۔

یہ نئی کمپنی سائمن برسفورڈ وائلی چلائیں گے جو نوکیا کے موجودہ سربراہ ہیں۔

وال سٹریٹ جنرل کے مطابق جنوری 2007 میں مکمل ہونے والے اس معاہدے کی قیمت 25 ارب یورو ہوگی۔

اس اشتراک سے ٹیلی کمیونیکیشن کا کاروبار مزید وسعت پائے گا کیونکہ ایشیا کی جانب سے سستی اشیا کی تیاری کے بعد دنیا بھر کے اداروں کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ طویل عرصے تک منافع کا باعث ہوگا۔