http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 11 June, 2006, 10:51 GMT 15:51 PST

خواتین کوگولی یاد کروانے والی مشین

برطانیہ میں جامعۂ برونیل کی ایک طالبہ نے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو خواتین کو یاد کروائے گا کہ انہوں نے مانع حمل گولی کب کھانی ہے۔

لائی چیو تانگ نے کہا کہ ان کے تیار کیئے ہوئے اس آلے سے ان چاہے حمل روکنے میں مدد ملے گی۔

’رِممبر‘ نامی یہ آلہ خواتین کو یہ مشورہ بھی دے گا کہ اگر وہ گولی کھانا بھول جائیں تو انہیں کیا کرنا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ستّر فیصد خواتین ماہانہ ایک بار گولی کھانا بھول جاتی ہیں اور دس فیصد ایسی ہیں کہ جو کم سے کم چار بار ضرور بھولتی ہیں۔

’رِممبر‘ کے ساتھ گولیوں کا ایک پیکٹ بھی ملتا ہے اور یہ مشین استعمال کرنے والی خواتین کو ہر روز یہ بتائی گی کہ انہوں نے کون سی گولی کھانی ہے۔

خاندانی منصوبہ بندی کی تنظیم کی ایک ترجمان نے کہا کہ بہت سے ان چاہے حمل گولی نہ کھانے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ ’اس لیئے ضروری ہے کہ ہر خاتون اپنے طرز زندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے گولی کھانے کا نظام الاوقات ترتیب دے‘۔